بھٹکل 27/ فروری (ایس او نیوز) پڑوسی ضلع اُڈپی کے شیرور میں واقع گرین ویلی انٹرنیشنل اسکول اور پی یو کالج میں کانوکیشن تقریب (جلسہ تفویض اسناد) کا انعقاد ہوا ۔ کالج کے فنکشن ہال میں منعقدہ اس تقریب میں گرین ویلی کے سینئر نائب صدر اور منیجنگ ٹرسٹی محمد میراں بطور مہمان خصوصی شریک رہے ۔ انہوں نے اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے آپ پر پورا اعتماد رکھتے ہوئے شعوری طور پر ہمیشہ سیدھی راہ پر چلنا چاہیے ۔
کانوکیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپال ڈاکٹر جان میاتھیو نے کہا کہ طلبہ کو اپنے زمانہ طالب علمی میں پیش آنے والے مراحل سے نپٹنے کے لئے خود کو تیار کرنا چاہیے ۔ اسی کے ساتھ مستقبل کے خواب بننے چاہئیں اور ان کی تعبیر کے لئے اپنا خاکہ تیار کرنا چاہیے ۔
اس موقع پر فارغ ہونے والے طلبہ کو اسناد تفویض کرنے کے علاوہ عمدہ کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا ۔
تقریب میں کرناٹکا راجیہ اتسوا ایوارڈ یافتہ مہمان خصوصی محمد میراں صاحب کی تہنیت کی گئی ۔ جلسہ میں کالج کی چیف کوآرڈینیٹر ویلھیلمینا میاتھیو بھی موجود تھی ۔
دوسرے مرحلہ میں طلبہ نے بہت ہی دلچسپ ثقافتی اور تفریحی پروگرام کے ذریعہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرا کیا ۔